لاہور : وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ لاہوریوں نے ایک بار پھر دھرنے اور انتشارکی سیاست کو مسترد کیا ہے، شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عوام کے دل ن لیگ کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں کلثوم نواز کی فتح کے بعد اپنے علیحدہ علیحدہ بیان میں کیا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آج کادن ایک تاریخ سازدن ہے،عوام نے پاکستان کوترقی کی شاہراہ پرڈالنےوالوں پراعتماد کیا، اہل لاہور اوراین اے 120 کےعوام کاشکریہ ادا کرتے ہیں، نوازشریف اورن لیگ کےخلاف چار سال سےمہم چلائی جارہی ہے۔
نواز شریف کی ترقی کا وژن جیت گیا ہے، وہ عوام کے دلوں میں بستے ہیں،خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک اور ملکی اقتصادی حالت بہترکرنا نوازشریف کا جرم ہے، ان کاجرم یہ ہے کہ وہ بلوچستان میں امن لائے۔
خواجہ سعدرفیق نے کہا کہ ہمارےچند کارکنان ابھی تک لاپتہ ہیں، ہمارے ہزاروں ووٹ کاسٹ نہیں کرنے دیئےگئے۔
این اے 120: کلثوم نوازکی فتح، یاسمین راشد کو شکست
علاوہ ازیں وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے کلثوم نواز کی جیت پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کلثوم نواز کی جیت ن لیگ کی قیادت اور اس کی کارکردگی پراعتماد کا اظہار ہے، ضمنی الیکشن نے ثابت کردیا کہ عوام کے دل ن لیگ کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔