اسلام آباد : وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عدلیہ کے فیصلوں کو تاریخ نے قبول نہیں کیا، نواز شریف اور ان کے خاندان کو نشانہ اورعمران خان کو ریلیف دیاجارہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سعد رفیق نے کہا کہ سیاسی جنگ کو عدلیہ تک نہیں لے کرجانا چاہیئے کیونکہ عدالتی ایوانوں میں سیاسی جنگ سے مزید پیچیدگیاں جنم لیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاناما کا معاملہ عدالتوں میں لے جایا گیا، یوسف رضا گیلانی کی نااہلی پر بھی میرے تحفظات تھے اس فیصلے کو میں نے سپورٹ نہیں کیا تھا اور آج بھی نوازشریف کی نااہلی کو نہیں مانتا۔
خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کیس میں جےآئی ٹی کیوں نہیں بنی؟ عمران خان کو فارن فنڈنگ کے الزام میں کیوں نااہل نہیں کیا گیا؟ دوسری طرف ایک منتخب وزیراعظم کو تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا۔
مزید پڑھیں: احتساب کا ایک گھناؤنا کھیل جاری ہے، سعد رفیق
نوازشریف کو پاناما کیس میں سزا نہیں ہوئی، نوازشریف اوران کے خاندان کو نشانہ بنایا جارہا ہے، عمران خان کو ریلیف دیا جارہا ہے، ایک ہی عدالت کے دو ایک جیسے کیسز میں مختلف فیصلے ہوئے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔