لاہور: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بدلتے موسموں کے ساتھ سیاسی وابستگیاں بدلنے والے بے وفا ہوتے ہیں، سیاسی جماعتوں نے دغا بازوں کو سبق سکھانے کی کبھی منظم کوشش نہیں کی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کیا، خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اقتدار میں مزے سے ساتھ رہے اور کبھی اختلاف کیا نہ ٹوکنے کی جرأت کی، ذرا سی آندھی آتی دیکھی تو اصولی اختلاف کے بہانے سائیڈ بدل لی۔
انہوں نے کہا کہ وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کو مڈل کلاس کارکنان بری طرح شکست سے دوچار کریں گے، یہ لوگ سیاسی بے وفا کہلاتے ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ اور بدلتے موسموں کے ساتھ اپنی پارٹی بدلتے ہیں۔
پی ٹی آئی نے ن لیگ کی مزید وکٹیں گرا دیں
خیال رہے کہ آج بھکر سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ ن کے ایم این اے افضل ڈھانڈلا اور نارووال سے میاں رشید پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے ہیں، دونوں رہنماؤں نے عمران خان سے ملاقات کے بعد پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
علاوہ ازیں بھکر سے ہی اراکین صوبائی اسمبلی غضنفر چھینہ اور عامر شاہانی بھی پی ٹی آئی کا حصہ بن گئے ہیں، نارووال سے رکن صوبائی اسمبلی اویس قاسم بھی ساتھیوں سمیت تحریک انصاف کے کپتان سے آ ملے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف نے ن لیگ کی مزید 3 وکٹیں گرا دیں
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں ایک پریس کانفرنس میں جنوبی پنجاب صوبہ محاذ اور پی ٹی آئی ایک معاہدے کے تحت تحریک انصاف میںضم ہوگئے تھے، تجزیہ کاروں کے مطابق آنے والے دونوں میں دیگر جماعتوں کے مزید ارکان کی پی ٹی آئی میں شمولیت ممکن ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔