کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 پر اتوار کو ہونے والے ضمنی الیکشن کیلیے چیف الیکشن کمشنر نے فوج، رینجرز اور وزارت داخلہ حکام سے رابطے کیے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے ضمنی الیکشن کے لیے پاک فوج اور رینجزر کے علاوہ سندھ کے چیف سیکریٹری، آئی جی سمیت ڈی پی او، ڈی سی، ڈی آر اوز، ریٹرننگ افسر اور مانیٹرنگ افسر کو بھی فون کیے ہیں۔؎
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے تمام متعلقہ حکام کو اتوار کو ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں مناسب اور ضروری ہدایات دینے کے ساتھ حلقے کے ووٹرز کو مکمل اور پرامن ماحول فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ این اے 245 کے ضمنی الیکشن میں پاک فوج کوئیک ریسپانس کے طور پر کام کرے گی اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کے باہر موجود رہے گی۔ قانون شکنی کے خلاف فوری ایکشن اور پولنگ کے عمل میں مداخلت پر ذمے دار عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ ضمنی الیکشن کی مانیٹرنگ کیلیے اسلام آباد میں مرکزی کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے جو حلقے کا نتیجہ آنے تک مسلسل کام کرتا رہے گا۔