The news is by your side.

Advertisement

وزیراعظم ایوان میں آکر سوالات کے جواب دیں: خورشید شاہ

اسلام آباد: قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم ایوان میں آکر سوالات کا جواب دیں، اگر نہیں آئیں گے تو ایوان کا بائیکاٹ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے اپوزیشن پارٹیوں سے ملاقات کے پارلیمنٹ ہاوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کی تھی۔ اپوزیشن اجلاس میں تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین، شیریں مزاری ، شیخ رشید اور دیگر شامل تھے۔

اس موقع پر خورشید شاہ نے اپوزیشن کی جانب سے مطالبہ کیا کہ ہم مسئلے کا حل پارلیمنٹ میں چاہتے ہیں، وزیراعظم ایوان میں آکر سوالات کے جواب دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں مذاکرات تمام مسائل کا حل ہیں اور ہم ’گو نواز گو‘ نہیں بلکہ مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم جمہوریت کی مضبوطی کے لئے کوشش کررہے ہیں۔

خورشید شاہ نے یہ بھی کہا کہ اگر حکومت نے کوئی کمیٹی بنا ئی ہے تو اس سےلاعلم ہیں، ٹی او آرز کے معاملے پر سپریم کورٹ فیصلہ کرے گی۔

خورشید شاہ کی پریس کانفرنس کے بعد وزیراطلاعات پرویز رشید نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پاناما پیپرز کے معاملے پر وزیراعظم جمعے کو ایوان کے سوالات کا جواب دیں گے۔

واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتیں پاناما پیپرز کے معاملے پر حکومت کے خلاف متفقہ اتحاد بنائے بیٹھی ہیں تاہم استعفے کے مطالبے پر اپوزیشن میں اتفاق نہیں ہوسکا ہے۔

پاناما پیپرز کی اب تک دو اقساط منظرعام پر آچکی ہیں جن میں لگ بھگ 400 پاکستانیوں کے نام شامل ہیں ، پاناما کی پہلی فہرست میں وزیراعظم کے بیٹے حسن اور حسین نواز، بیٹی مریم نواز اورداماد کیپٹن صفدر کے نام شامل تھے جس کے بعد سے وزیراعظم پر اپوزیشن کی جانب سے تحقیقات اور استعفے کے لئے دباو ہے۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں