The news is by your side.

Advertisement

اطالوی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں، وفاقی وزیر تجارت

اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت انجینیئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور اٹلی کے تعلقات آئندہ سالوں میں انتہائی اہمیت کے حامل ہوں گے۔ سول اور دفاعی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کی ہوا بازی، دفاع اور سیکیورٹی سے متعلق صنعتوں کی فیڈریشن کے چیئرمین گوڈو کروسیٹو نے پاکستان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں متعین اٹلی کے سفیر سٹیفنو پونٹیکوروو بھی موجود تھے۔

ملاقات کے موقع پر وفاقی وزیر تجارت انجینیئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی حامل اطالوی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے حکومت سے رابطے کر رہی ہیں۔ پاکستان میں آنے والے حالیہ امن اور معاشی استحکام کے بدولت مزید اطالوی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کی تعمیر اور بلوچستان میں سڑکوں کے نیٹ ورک کے قیام کے بعد بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں معدنیات کی دریافت، کھدائی اور ترسیل میں آسانی ہوگی اور صوبے میں سرمایہ کاری میں کئی گنا اضافہ متوقع ہے۔

اٹلی کی صنعتی فیڈریشن کے صدر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اطالوی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی ٹرانسفر میں بھی دلچسپی رکھتی ہیں جس کا کامیاب تجربہ دوسرے ممالک کے ساتھ کیا جا چکا ہے۔ ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے بعد میزبان ممالک کی کمپنیاں تیزی سے ترقی کرتی ہوئی دنیا کی بڑی کمپنیوں میں شامل ہوئیں۔

اس موقع پر اطالوی سفیر نے بتایا کہ آئندہ چند ماہ میں اٹلی کے وزیر اعظم، وزیر دفاع اور وزیر تجارت پاکستان کا دورہ کریں گے جس میں دونوں ممالک کے مابین حکومتی اور نجی سطح پر معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مذاکرات کے جائیں گے۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں