The news is by your side.

Advertisement

وفاقی وزیر تجارت سے کپاس کے کاشت کاروں کی ملاقات

اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ بیک وقت کسانوں کی فلاح اور برآمدات کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ آئندہ سیزن میں ملک میں کپاس کی کاشت میں اضافے کے لیے کوشاں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملا قات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ کپاس کی کاشت میں اضافے سے قیمتی زر مبادلہ بچایا جا سکتا ہے۔ کپاس کی پیداوار میں اضافے سے ملک میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کو وافر خام مال مہیا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ کپاس کی پیداوار میں اضافے، کوالٹی اور برآمد سے متعلق لائحہ عمل تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاروت کے بعد ترتیب دیا جائے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کاشت کاروں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کپاس کاشت کریں۔ حکومت چاہتی ہے کہ کسانوں کو ان کی محنت کا جائز منافع ملے اور وہ زیادہ سے زیادہ اجناس کاشت کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ زرعی اجناس کی پیداوار، ان کی برآمد اور زراعت پر منحصر صنعتوں کے فروغ کے لیے ایسی پالیسیاں بنائی جائیں گی جس کے ثمرات کاشت کاروں سے لے کر مزدوروں تک پہنچیں گے۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں