تازہ ترین

‘عمران خان کے بیانات میں دکھ اور ندامت نظر نہیں آئی’

اسلام آباد : وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ عمران خان کے بیانات میں ہمیں دکھ اور ندامت نظر نہیں آئی، ان کو نواوردس مئی کے واقعات کی ذمہ داری لینی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاہورہائی کورٹ نوٹی فکیشن معطل کرسکتے ہیں اسپیکر کو ہدایت نہیں دے سکتے، استعفیٰ منظور ہونے کے بعد اس کو واپس نہیں لیا جاسکتا۔

خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ استعفیٰ منظورکرنا یا نہ کرنا اسپیکر قومی اسمبلی کی صوابدید ہے، ایک بار استعفیٰ منظور ہو جائے تو واپس لینے کی شق قانون میں موجود نہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوائیوں نے سول و عسکری املاک پرحملہ کیا،عمران خان کے بیانات سے ہمیں دکھ اور ندامت نظر نہیں آئی، ان کو 9 اور 10 مئی واقعات کی ذمہ داری لینی ہوگی ، اگر ذمہ داری نہیں لیں گے تو قانون حرکت میں آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں نے فیصلہ عمران خان اور ان کی جماعت نے کرنا ہے، ان کو فیصلہ کرنا ہوگا ان کو جمہوری جماعت بن کر رہنا ہے یا نہیں۔

خرم دستگیر نے مزید کہا کہ سیاسی عدم استحکام سے ملک کو معاشی نقصان ہورہاہے، شرپسند جتھوں نےعام شہریوں کی موٹر سائیکل جلائیں، پاکستان بنانے اور جلانےوالوں میں فرق سب نےدیکھ لیا۔

وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کی امریکا میں سہولت کاری ہورہی ہے، وہ پیسہ خرچ کر رہے ہیں، اس پیسےکی آواز وہاں سےآرہی ہے۔

Comments