کراچی: رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کو پینے کا پانی بھی نہیں دے سکی، بلاول بھٹو میں اگر دم ہے تو اپنے وزرا کے اثاثے سامنے لائیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ جن سے ووٹ لیے ان کے مسائل اجاگر کرتے رہیں، کوشش ہے پیپلز پارٹی کا اصل چہرہ عوام کو دکھاتے رہیں۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ اے سی والے کمروں سے پریس کانفرسز کرتے ہیں، سندھ اسمبلی میں کل آگ لگائی گئی یا لگی اللہ بہتر جانتا ہے، آگ لگنے سے سندھ اسمبلی کا 20 سالہ ریکارڈ جل گیا، اس کی تحقیقات چاہتے ہیں۔ سب سے پہلے دیکھا جائے ریکارڈ کا بینفشری کون ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاننا چاہتے ہیں کہ آگ میں نیا ریکارڈ بھی جلا ہے یا نہیں، نیب سے مطالبہ ہے کہ سندھ اسمبلی ریکارڈ روم میں آگ کی تحقیقات کریں، سندھ کے لوگوں کے پیسوں کا حساب کتاب بار بار کیوں جلتا ہے۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ کی عوام 12 سالوں سے سسک رہی ہے، سندھ میں چاہے امیر ہو یا غریب کوئی بھی خوش نہیں ہے۔ پینے کے پانی کی بات کرو تو پیپلز پارٹی وہ بھی نہیں دے سکی۔
انہوں نے کہا کہ 33 ارب روپے کے آر او پلانٹ سندھ میں بند پڑے ہیں، اربوں روپے کے تعلیمی ادارے سندھ میں بند پڑے ہیں، اندرون سندھ پیپلز پارٹی نے جو حالات پیدا کیے ہیں وہ صرف بربادی ہے۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ اپنے وزرا کے اثاثے سامنے لائے، بلاول بھٹو میں اگر دم ہے تو اپنے وزرا کے اثاثے بھی سامنے لائیں، آپ کے ایس ایچ اوز ہیروئن، منشیات اور آئس کا کاروبار کرتے ہیں۔