سکھر :ـ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرسید خورشید شاہ نے سکھر میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اورغیر معیاری تعمیراتی کاموں پرعدم اطمینان کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے سکھر کے مختلف علاقوں کااچانک دورہ کیا، اس موقع پر محکمہ ہائی ویز کے چیف انجینئر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
انہوں نے سکھر میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے زیرتعمیر سڑکوں پرعدم اطمینان کا اظہار کیا، خورشید شاہ نے ایک جگہ گاڑی رکوائی اور سڑک پر ڈالے گئے بڑے سائز کے پتھر دیکھ کر شدید برہم ہوئے اور چیف انجینئر کا ہاتھ پکڑ کر انہیں پتھر اٹھا اٹھا کر دکھاتے رہے جبکہ شدید غصے کے عالم میں پتھر اٹھا اٹھا کر بھی پھینکتے رہے۔
خور شید شاہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زیرتعمیر سڑک میں غیر معیاری مٹیریل استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے چیف انجینئر سے کہا کہ بد عنوان ٹھیکیداروں اور افسران کی کرپشن کی وجہ سے سندھ حکومت بدنام ہو رہی ہے۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ 35 کروڑ روپے کا پراجیکٹ ہے جسے لاوارث نہیں چھوڑ سکتے۔ سکھر کے مختلف علاقوں میں 4 ارب روپے کے کام جاری ہیں جن سے مطمئن نہیں ہوں۔
انہوں نے مذکورہ سڑک کی از سر نو تعمیر کا حکم دیا،اس موقع پر خورشید شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سمیت ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں۔