سکھر: قومی اسمبلی میں قائد حز ب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے منی لانڈنگ کیس میں ایم کیو ایم قائد کی بریت کو پاکستانی حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیس میں مناسب شواہد پیش نہیں کیے گئے، انہوں نے چوہدری نثار کومشورہ دیا کہ وہ خبر کی اشاعت پر صحافی پر پابندی عائد کرنے کے بجائے گھر کا بھیدی ڈھونڈیں۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف نے بانی متحدہ کی بریت کو حکومت کی ناکامی قرار دیا اور کہا کہ متحدہ بانی کا بری ہونا حکومت پاکستان کی ناکامی ہے،برطانیہ میں منی لانڈرنگ کیس ثبوت نہ دینے پر ختم ہوا۔
انہوں نے کہا کہ نواز حکومت نے ہر دور میں عدلیہ کو ٹف ٹائم دیا، نواز حکومت عدلیہ کے احکامات نہیں مانتی۔
متنازع خبر کی اشاعت کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ حساس اجلاس سے بات باہر کیسے نکلی؟ حکومت اپنا جرم چھپانے کے لیے صحافی پر پابندی عائد کررہی ہے، میڈیا پر قدغن لگانا بادشاہت نہیں تو اور کیا ہے؟
مزید برآں خورشیدشاہ نے بتایا کہ سندھ میں نوکریوں میں بھرتیوں پر ایم این ایز اور ایم پی ایز کا کوٹا ختم کررہے ہیں۔