اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اگر عمران خان نے 100 دنوں میں یہ اعلان پورا کیا تو سیاست سے چھوڑ دوں گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، خورشید شاہ نے کہا کہ یہ عملی پلان نہیں الیکشن شوشہ کہہ سکتا ہوں، 100 دن پروگرام دینا پری پول رگنگ کا اشارہ بھی بنتا ہے۔ عمران خان کے پاس ایک صوبہ تھا وہاں عمل کیوں نہیں کیا، بڑا موقع تھا ان چیزوں کو کے پی میں ثابت کرتے۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ہمارے ملک کے لوگوں کو اتنا ناسمجھ سمجھ رکھا ہے، دعوؤں کی کوئی حقیقت بھی ہونی چاہئے، ایک کروڑ نوکریوں کی بات کی، کے پی میں 5 ہزار جاب نہیں دے سکے، وہاں ترقیاتی کام دیکھ لیں اسکولوں کی حالت دیکھ لیں۔
خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان نے جنوبی پنجاب کا جولی لاپ دیا اس میں کوئی حقیقت نہیں، سوائے پیپلزپارٹی کسی جماعت نے جنوبی پنجاب صوبے کی عملی بات نہیں کی۔
مزید پڑھیں: سو دن کا منشور پی ٹی آئی کی سمت کا تعین کررہا ہے۔ عمران خان
پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ الیکشن جیت کر 100 دن کا پروگرام دیا جاتا ہے پہلے نہیں، یہ جیتے تو کوئی الیشکن ماننے کو تیار نہیں ہوگا ، یہ بچگانہ حرکتیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے کل مشاورتی ملاقات ہوگی، کل کی ملاقات میں بھی نگران وزیر اعظم کا اعلان ہوسکتا ہے، کل نہ ہوسکا تو کچھ دن مزید لگ سکتے ہیں، ایک سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ سینئر وکیل احسن بھون بھی نگران وزیر اعظم ہوسکتے ہیں۔