تازہ ترین

’سپریم کورٹ قومی فریضہ سمجھ کر عمران خان کے الزامات کا فیصلہ کرے‘

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل خورشید شاہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کی عمران خان کے الزامات کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کو درخواست کو آخری آپشن قرار دے دیا۔

وفاقی وزیر خورشید شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونا اب ناگزیر ہو چکا ہے، سپریم کورٹ قومی فریضہ سمجھ کر عمران خان کے الزامات کا فیصلہ کرے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان سمیت واقعے کے ہر زخمی کی میڈیکولیگل رپورٹس کا جائزہ لیا جائے، حلف لیا جائے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو سب من و عن تسلیم کریں گے۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے آج نیوز کانفرنس کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان سے عمران خان کے الزامات کی تحقیقات کے لیے فل کورٹ تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان کے الزامات کی تحقیقات کے لیے فل کورٹ مجھ سمیت جس کو بھی طلب کرے گا پیش ہوں گے، فل کورٹ کا جو بھی فیصلہ ہوگا اسے تسلیم کریں گے، چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ یہ ہی فل کورٹ ارشد شریف کیس کو بھی دیکھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جو گفتگو کر رہے ہیں کوئی پاکستانی ایسی گفتگو نہیں کر سکتا تھا، وہ کہتے ہیں بند کمرے میں پہلے 4 افراد اور اب 3 افراد نے سازش کی، وہ میرا منہ نہ کھلوائیں ورنہ منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔

Comments

- Advertisement -