تازہ ترین

ملک کے مسائل حل کرنے کے لیے ہم سب کو مل بیٹھنا ہوگا: خورشید شاہ

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ صرف حکومت کا کام نہیں کہ وہ سارے مسئلے حل کرے۔ ملک کے مسائل حل کرنے کے لیے ہم سب کو مل بیٹھنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سے شکوہ نہ کریں، اپوزیشن پارلیمنٹ کے اندر اور باہر سنجیدہ کردار ادا کر رہی ہے۔ ہم سمیت کوئی بھی نہیں چاہے گا ملک کے حالات بگڑے ہوئے ہوں۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حالات دیکھ رہے ہیں، وزیر اعظم اور وزیر مملکت داخلہ کو یہاں ہونا چاہیئے تھا۔ جو حکومت کا کردار ہونا چاہیئے تھا کیا وہ کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل وزیر اعظم کا بیان سرکاری ٹی وی پر نشر کیا گیا، کوئی ایسا مسلمان نہیں جو محمد کی شان میں گستاخی برداشت کرے۔ ہم نے جائزہ لیا ہے کیا وزیر اعظم کو بیان میں ایسے الفاظ دہرانے چاہیئے تھے؟

انہوں نے کہا کہ یہ صرف حکومت کا کام نہیں کہ وہ سارے مسئلے حل کر سکتی ہے۔ ملک کے مسائل حل کرنے کے لیے ہم سب کو مل بیٹھنا ہوگا۔

خورشید شاہ نے مزید کہا کہ آپ نے تو کہا تھا روزانہ اسمبلی آئیں گے ہر سوال کا جواب دیں گے۔ ہمیں ووٹ بینک کی سیاست نہیں کرنی، ملک میں امن چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی جو صورتحال ہے یہ کوئی بحث نہیں، چاہتے ہیں اس کا کوئی حل نکلے۔ ریاست پاکستان کو طاقتور اور اداروں کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں، ہم اپنے اداروں اور ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں حالات تبدیل ہوں، پارلیمنٹ سے یکجہتی کا پیغام جانا چاہیئے۔

Comments