جیکب آباد : خوشحال خان خٹک ٹرین بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی ایک بوگی پٹڑی سے اتر گئی، کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، واقعہ کا ذمہ دار کیبن والے کو قرار دے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جیکب آباد ریلوے اسٹیشن کے قریب کراچی سے پشاور جانے والی خوشحال خٹک ٹرین حادثے کا شکار ہوگئی جس کے باعث ٹرین کی ایک بوگی پٹڑی سے اتر گئی۔
اس حوالے سے اسٹیشن ماسٹر پہلوان شاہ نے اے آر وائی نیوز کو تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ کیبن والے کی غفلت کے باعث پیش آیا ہے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
مسافروں کا کہنا تھا کہ ٹرین کے کراچی سے جیکب آباد تک پہنچنے کے دوران راستے میں تین بار انجن فیل ہوا اور مسافروں کو طرح طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اس سے پہلے بھی اسی طرح کے واقعات ہوچکے ہیں لیکن کسی ملزم کو سزا نہ ہونے کے باعث مذکورہ واقعات پر قابو پانا مشکل ہوگیا ہے جس سے آئے روز مسافروں کو نقصانات اٹھانا پڑتے ہیں۔