اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ نتیجہ خیز مرحلے میں ہے بھارت ہوش کے ناخن لے۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت ہوش کے ناخن لے اور لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی سے باز آجائے ورنہ اسے یہ چھیڑ چھاڑ مہنگی پڑ سکتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دلیر پاکستانی فوج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا جانتی ہے اور بھارت کی جانب سے کسی قسم کی جارحیت سے بھارت کو لینے کے دینے پڑ سکتے ہیں اس لیے لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی سے باز رہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں دہشت اور بین الاقوامی قوانین برائے انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر دی ہیں اور ہزاروں لوگوں کو پلٹ گن کا نشانہ بنایا گیا جب کہ ڈھٹائی کے ساتھ دوسرے ممالک پر دہشت گردی میں ملوث ہونے کا بے بنیاد الزام لگا رہا ہے۔
وفاقی وزیر دفاع نے لائن آف کنٹرول پر مختلف سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کر کے خطے میں کشیدگی پیدا کرنا چاہتا ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی توجہ ہٹا سکے جس میں بھارت کبھی کامیاب نہیں ہو سکے گا۔