وزیر دفاع خواجہ آصف نے افغانستان کو سخت جواب دیتے ہوئے کہا ہےکہ میجر علی جواد کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، میجر کی شہادت کا بدلہ لیں گے،ملا فضل اللہ افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی کرارہا ہے۔
ایف سی کے میجر علی جواد کی شہادت پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ہمارا خون بہایا جائے گا تو حساب دینا ہوگا، ہم اپنی سرحد محفوظ بنائیں گے روکا گیا تو بھرپور جواب دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن ضرب عضب سے حاصل شدہ امن کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، ہم نے افغانستان میں ہمیشہ قیام امن اور استحکام کی بات کی، فغانستان اگر ہمیں اپنی سرحد محفوظ کرنے نہیں دے گا تومعاملات خراب ہوجائیں گے، افغانستان کو معاملات کی نزاکت کو سمجھنا ہوگا اور دشمنوں کو روکنا ہوگا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کی واپسی میں توسیع کے فیصلے پر غور کریں گے۔
Martyrdom of Maj. Jawad Changezi Shaheed will not go in vain, it will be avenged, even as enemies seek to rob us of Zarb-e-Azb peace gains.
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) June 14, 2016
اس حوالے سے وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھی کابل کو سخت پیغام دیا ہے کہ لگتا ہے ہمارا پڑوسی ملک کسی اور کے ہاتھوں کھیل رہا ہے،دراندازی روکنے کی کوششوں کو سبوتاژ کیا جارہا ہے۔
انہوں نے افغان حکومت کو مخاطب کیا کہ بلاجواز گولہ باری اور اہلکاروں کی شہادت ناقابل قبول ہے،افغانستان فیصلہ کرے وہ امن کا ساتھ دے گا یا کسی اور کے کھیل کا حصہ بنے گا۔