اسلام آباد : وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کمیشن کا تقاضا کرنے والے اب خود بھاگ گئے۔ عابد شیرعلی نے کہا کہ بلاول بھٹو شوق سے سڑکوں پرآئیں اس بہانے سے وہ پنجاب کی سڑکیں بھی دیکھ لیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، لیگی رہنماؤں نے پانامہ لیکس پر حالیہ عدالتی فیصلہ آنے کے بعد ایک تیر سے دو شکار کرتے ہوئے پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کیخلاف لفظی گولہ باری تیز کردی۔
دونوں جماعتیں ان کے نشانے پر آگئیں۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارٹی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے اتنا جھوٹ بولا کہ اب انہیں یاد نہیں کہ ان کے کیا مطالبات تھے؟
خواجہ آصف نے کہا کہ پا کستان تحریک انصاف کوسیالکوٹ میں میئراورڈپٹی میئرکے انتخابات میں تجویز اورتائید کنندہ نہیں ملے۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کا ہر گھڑی بدلتا مؤقف انتشار کی سیاست پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی پنجاب اور مرکز میں مناپلی ہے تو صرف کارکردگی کی بنیاد پر ہے،سندھ او پنجاب کی کارکردگی میں واضح فرق ہے،پیپلز پارٹی سیاسی جماعت ہے ان سے لاک ڈاﺅن جیسی دھمکیوں کی امید نہیں ہے۔
وزیر بجلی عابد شیر علی نے بلاول پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو بڑے شوق سے سڑکوں پر آئیں تاکہ آپ کو معلوم ہو کہ پنجاب میں کتنی ترقی ہوئی۔
یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے چار مطالبات منظور نہ ہونے پر ستائیس دسمبر کو لانگ مارچ کے اعلان کی دھمکی دے رکھی ہے۔