سیالکوٹ : ن لیگی دور میں نوازے گئے خواجہ آصف کے قریبی ساتھیوں کے خلاف گھیرا تنگ ہوگیا، محکمہ ریلوے نے سیالکوٹ میں بڑی الیکٹرانک مارکیٹ کو سیل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ ریلوے نے ن لیگی دور حکومت میں کوڑیوں کے مول دی گئی ریلوے کی اربوں کی اراضی پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سیالکوٹ میں بڑی الیکٹرانک مارکیٹ سیل کردی ہے۔
اس حوالے سے ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے گزشتہ دور حکومت میں ریلوے کی اربوں روپے مالیت کی اراضی پر مارکیٹ بنائی گئی اس مارکیٹ کی کمرشل اراضی ن لیگ کے من پسند افراد کو کوڑیوں کے بھاؤ دی گئی تھی۔
ان افراد نے3سال سے کرائے کی مد میں واجبات تک ادا نہیں کیے، واجبات ادا نہ کرنے کے باعث محکمہ ریلوے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جا چکا ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ میں نبی لون اور شیخ قیصر کی الیکٹرانک مارکیٹ جو سربمہر کیا گیا ہے، واجبات کی عدم ادائیگی اور لیز ریویو نہ کرانے پردکانیں سیل کیں، مالکان کو واجبات کے لیے14دن قبل نوٹس بھی جاری کیے گئے تھے۔