اسلام آباد: کسی مسلم ملک یا مسلک کے خلاف جارحیت کا حصہ نہیں بنیں گے، جنرل (ر) راحیل شریف نے این او سی کے لئے اپلائی نہیں کیا، کلبھوشن 60 دن کے اندر اندر اپیل دائر کرسکتا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی مسلم ملک یا مسلک کے خلاف جارحیت کا حصہ نہیں بنے گا، اگر کسی بھی اسٹیج پر ایسا ہوا تو ہم اتحاد سے علیحدہ ہوجائیں گے۔
حکومت نے راحیل شریف کو این او سی جاری کردیا
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جنرل (ر) راحیل شریف نے این او سی کے لیے اپلائی نہیں کیا، کوئی بھی فوجی افسر دو سال بعد این او سی کے لئے اپلائی کرسکتا ہے۔
کلبھوشن یادیو کی سزائے موت پر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے اعترافی بیانات ریکارڈ پر موجود ہیں، کلبھوشن کے خلاف ساڑھے تین ماہ سے مقدمہ چل رہا تھا۔ کلبھوشن یادیو 60 دن کے اندر اپیل کرسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں آج بھی قتل عام کررہا ہے، سوچا سمجھا قتل عام سمجھوتا ایکسپریس میں کیا گیا تھا، ملکی سالمیت کے خلاف کام کرنے والے سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔
بھارتی جاسوس کلبھوشن یاد یو کو سزائے موت سنا دی گئی
دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے بہت کامیابیاں حاصل کی ہیں، 16 ممالک آج تک کابل کا کنٹرول حاصل نہیں کرسکے، پاکستان کے کونے کونے میں ہماری رٹ قائم ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ صدیوں پرانے تعلقات ہیں، ایران کے تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔