لاہور : وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن این اے کا ایک سو پچیس کا مقدمہ عدالت میں لڑے گی جبکہ این اے ایک سو بائیس کا مقدمہ عوامی عدالت میں لڑا جائے گا۔
ایم کیوایم کوجرائم پیشہ افراد کواپنی صفوں سے نکالناہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ریلوے پولیس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہمیں سرحد پر بھارت جیسے دشمن کا سامنا ہے، مودی سرکارنےپاک بھارت تعلقات کوخراب کیا،ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سے لڑائی نہیں چاہتے،اس کے بیانات کا جواب نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے استعفوں کی پالیسی ایم کیو ایم کے لئے اپنائی گئی ہے۔ ایم کیو ایم کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہیں اسے اپنی صفوں میں موجود دہشت گردوں کو نکال باہر کرنا چاہیئے۔
سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے کی زمینوں کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا جائے گا۔ریلوے کے اثاثوں کی حفاظت کرنا ہو گی۔