لاہور : وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت ریلوے میں تبدیلیوں کی بنیاد رکھ دی ہے جس کی مد میں ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کی جائے گی.
خواجہ سعد رفیق اپنی وزارت کی کارکردگی کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کررہے تھے انہوں نے بتایا کہ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کے بعد مال گاڑیوں کو 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلایا جا سکے گا جب کہ مسافر بردار گاڑیوں کو 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلایا جا سکے گا.
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ایم ایل ون اپ گریڈیشن کے لیے بہت کم شرح سود پر قرض لینا چاہتے ہیں تاکہ بجٹ میں خسارے کا سامنا نہ ہو اور نہ ہی ٹکٹیں مہنگی کرنی پڑے اس لیے ہماری اولین ترجیح کم شرح سود پر زیادہ سے زیادہ کام کروا کرعوام کو سہولیات دینا چاہتے ہیں.
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ 2013 سے ترقی کا سفر شروع کیا جو آج پورے عروج پر ہے باوجود اس کے کہ کچھ لوگوں نے دھرنوں اور سازشوں کی سیاست کر کے ترقی کے پہیے کو روکنے کی کوشش کی لیکن ن لیگ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں کو کم سے کم لاگت اور بہترین معیار کے ساتھ تکمیل کا تہیہ کیے بیٹھے ہے.