لاہور : وفاقی وزیرِ ریلوے سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے کا خسارہ کم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے جب کہ مسافروں کے جان و مال کی حفاظت ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔
یہ بات انہوں نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والے اجلاس میں ریلوے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہی ان کا کہنا تھا کہ غفلت، نا اہلی اور کام چوری پر کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ریلوے میں جزا اور سزا کے نظام کوسختی سےلاگو کیاجائےگا اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ٹرین سیفٹی کو یقینی بنانےکے لیےطویل اور قلیل المدتی اقدامات کرنا ضروری ہیں جس کے لیے موجودہ حکومت اپنے وزیراعظم کی قیادت اور وژن کے مطابق کام کر رہے ہیں جس کے ثمرات عوام کو نظر آرہے ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ جب وزارت سنبھالی تو ریلوے ذبوں حالی کا شکار تھا اور لوگ ٹرین میں سفر کرنا نہیں چاہتے تھے جب کہ ٹرین کی آمد و رفت کے اوقات کی پابندی بھی نہیں کی جاتی تھی۔
انہوں نے تحریک انصاف کے سربراہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو لوگ میٹرو بس اور اورینج ٹرین کا مذاق اڑایا کرتے تھے وہ آج خود ایسے منصوبے تیار کر رہے ہیں۔