اسلام آباد : وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ چند لوگوں کا فیصلہ ہم نہیں مانیں گے، تمام سیاسی جماعتیں ان معاملات کا شکار ہوچکی ہیں، لیڈر کون ہوگا اور کون نہیں اس کا فیصلہ عوام کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی جانب سے انتخابی اصلاحات بل کی ایک شق کی مخالفت میں پیش کیے جانے والے ترمیمی بل کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم آمرانہ دور کی غیر جمہوری ترامیم ختم کرنا چاہتے ہیں، سب کمیٹی کے بعد بڑی کمیٹی سے بھی یہ بل منظور ہوا، ہماری جنگ جمہوریت کی بقاء کیلئے ہے۔
خواجہ سعد رفیق کا جذباتی انداز میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے ماں باپ جمہوریت اس کی جنگ کی نذر ہوئے، چند لوگوں کا فیصلہ ہم نہیں مانیں گے۔
یہ جنگ پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی سمیت سب جماعتوں نے لڑی ہے، ملک کی تمام سیاسی جماعتیں ان معاملات کا شکار ہوچکی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جوانی میں جیلیں اس لیے نہیں کاٹیں کہ چند لوگ عوام کے فیصلے کریں، یہ لوگ کون کہتے ہیں جو کہیں کہ یہ لیڈرہوگا اور یہ نہیں ہوگا، کبھی یہ مائنس تو کبھی وہ مائنس، کوئی بڑا لیڈر مائنس ہوتا ہے تو پھر جمہوریت اور ایوان مائنس ہوتا ہے، یہ جنگ پہلے پیپلزپارٹی نے لڑی اب ہم لڑ رہے ہیں۔
وزیر ریلوے نے تمام سیاست دانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شکوے اور شکایتیں ہیں، ہم سب سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھتےہیں، ہم آپس میں لڑلیں گے کیونکہ میدان سیاست موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اگر آپ کو برےلگتےہیں تو یہ آپ کی مرضی ہے، لیکن خدا کیلئےنفرت کے تحت ایسے قوانین نہ بنائیں جو جمہوریت کو کمزورکردیں۔