لاہور : وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عید کے روز ہاتھ اٹھا کر دعا مانگتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ عمران خان کو بڑا کر دیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق بے سہارا بچوں کو عید کی خوشیاں دینے کے لئے چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں میلے کا انعقاد کیا گیا۔ خواجہ سعد رفیق اپنی اہلیہ کے ہمراہ میلے میں پہنچے تو بچوں نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔
وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ان بچوں کے ساتھ عید منائی اور تحائف بھی تقسیم کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان بچوں کی کفالت کرنا بہت عظیم کام ہے۔
اس موقع پر خواجہ سعدرفیق نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو میری طرف سے عید مبارک ہو اور اس مبارک دن ہاتھ اٹھا کر دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ انہیں بڑاکر دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان موجودہ صورتحال میں دھرنوں اور بچگانہ سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ میرے نزدیک پاکستان میں اپوزیشن ہے ہی نہیں۔ کیونکہ چاروں صوبوں میں تین سیاسی جماعتوں کی حکومتیں ہیں۔ جو جماعت اچھا کام کرے گی، عوام اسی کو ووٹ دیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ ان کے بھائیوں کی طرح ہیں۔ اس لئے وہ ان کی کسی بھی بات کا برا نہیں مناتے۔
چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں رہائش پذیر بچوں کا کہنا تھا کہ عید کے روز انہیں ان کے والدین کی یاد تو آتی ہے، لیکن وہ اپنے دوستوں کے ساتھ بھی یہاں بہت خوش ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے مسلم لیگ ن لاہور کے صدر پرویز ملک کے ہمراہ بچوں میں تحائف تقسیم کیے اور بچوں کے ساتھ کھانا بھی کھایا۔