لاہور : خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط سامنے آگئے، آشیانہ سوسائٹی کی تحقیقات کے سلسلے میں نیب نے پیراگون سوسائٹی انتظامیہ کو22نومبر کو طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق آشیانہ سوسائٹی کی تحقیقات میں یہ انشاف ہوا ہے کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے آشیانہ اسکیم لانچ کی گئی تھی۔
پروجیکٹ کا ٹھیکہ سپارکو گروپ سے ہوا جس میں تین کمپنیاں شامل تھیں، لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے منصوبے آشیانہ اقبال لاہور کا ٹھیکہ تین کمپنیوں کو دیا گیا جن کے نام سپارکو گروپ، بسم اللہ انجینئرنگ کمپنی، انہوئی کنسٹرکشن ہیں۔
ذرائع کے مطابق گروپ میں سعد رفیق کی فرنٹ کمپنیاں بھی شامل تھیں، کمپنیاں علی سجاد اور ندیم ضیاء پیرزادہ کے ذریعےآپریٹ ہورہی تھیں، علی سجاد اور ندیم ضیاء پیراگون سٹی، منی ایکسچینج اوردیگر کمپنیاں چلارہےہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کمپنیاں سعدیان ایسوسی ایٹس سے ڈائریکٹ یا ان ڈائریکٹ لنک ہوتی ہیں، سعدیان ایسوسی ایٹس سعد رفیق کے ڈی ایچ اے والےگھر سےآپریٹ کرتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بسم اللہ انجیئنرنگ کمپنی پیراگون سٹی کے چیف ایگزیکٹو ندیم ضیاء جبکہ انہوئی کنسٹرکشن کمپنی پیراگون ایکسچینج کےڈائریکٹرعلی سجاد کی ملکیت ہے۔
نیب نے آشیانہ سوسائٹی کی تحقیقات کے سلسلے میں پیراگون سوسائٹی انتظامیہ کو22نومبر کو طلب کرلیا ہے، نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ نیب کو زمین کی صورت حال کے بارے میں بھی آگاہ کیا جائے۔
دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ندیم ضیا پیرزادہ واپڈا کےایک ایس ڈی او سےارب پتی بن گیا، خواجہ سعد رفیق نے سرمایہ کاری ندیم پیرزادہ کے نام پر کر رکھی ہیں۔
اس کے علاوہ خواجہ سعد رفیق پر دوستوں کے نام قرضے لے کر بلیک منی وائٹ کرنے اور برکی روڈ کے مضافات میں زمینوں پر قبضے کے الزام کے علاوہ ایل ڈی اے سٹی میں زمینوں کو سستےداموں خریدنے کابھی الزام ہے۔