پشاور : خیبرپختونخواحکومت نے کفایت شعاری اپناتے ہوئے سرکاری فنڈز پر بیرون ملک ورکشاپ، سیمینار میں شرکت اور حکومتی خرچ پر بیرون ملک علاج پر پابندی عائد کردی۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواحکومت کی جانب سے کفایت شعاری اور بہتر مالی انتظام برقراررکھنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، کےپی حکومت نے اس حوالے سے مراسلہ جاری کردیا۔
محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کا جاری کردہ مراسلہ 24 نکات پر مشتمل ہے ، جس میں سرکاری فنڈزپربیرون ملک ورکشاپ،سیمینار میں شرکت پرپابندی عائد کی گئی جبکہ حکومت کےخرچ پرفائیواسٹارہوٹل میں ورکشاپ،سیمینار کرانے پر بھی پابندی ہوگی۔
مراسلے میں کہا گیا حکومت کےخرچ پربیرون ملک علاج پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، محکمہ خزانہ تمام سرکاری اخراجات و ترقیاتی فنڈز کی خود نگرانی کرےگا۔
محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ انتظامی سیکریٹریز،ذمہ داران آڈٹ یقینی بنانے کیلئے اجلاس منعقدکریں گی اور 3سال سےخالی پوسٹ کو محکمہ خزانہ کی مشاورت سے ختم کیا جائے گا۔
مراسلے کے مطابق زیادہ سے زیادہ محاصل کیلئےریونیو ریویوکمیٹی کااجلاس مستقل بنیادپرہو گا جبکہ محکمہ خزانہ کی بغیر اجازت خالی پوسٹوں پر بھرتی اور نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی عائد ہوگی۔