اتوار, مئی 10, 2026
اشتہار

خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں کی پیشگوئی، فلیش فلڈ کا خطرہ بڑھ گیا

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور(18 اپریل 2026): خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں شدید بارشوں کے باعث فلیش فلڈ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں شدید بارشوں کے باعث فلیش فلڈ (اچانک سیلاب) کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیشِ نظر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد سوات، اپر و لوئر دیر اور اپر و لوئر چترال کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں محتاط رہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کو ہائی الرٹ رہنے اور تمام ضروری وسائل کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے حکم دیا ہے کہ حساس مقامات اور خطرے سے دوچار آبادیوں کی فوری نشاندہی کی جائے اور دریاؤں و ندی نالوں کے قریب رہنے والے افراد کو پیشگی آگاہی فراہم کی جائے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں خطرناک علاقوں سے آبادی کے بروقت انخلا کو یقینی بنانے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

مزید برآں، ضلعی حکام کو ریلیف کیمپس میں خوراک، ادویات اور رہائش کی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب ٹریفک کی نقل و حرکت محدود رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ بارشوں کے باعث سڑکوں کی بندش یا پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری بحالی کے اقدامات کیے جائیں اور ہنگامی آلات کو پہلے سے ہی حساس مقامات پر منتقل کر دیا جائے تاکہ متاثرین کو بروقت طبی امداد اور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں