جمعہ, جولائی 10, 2026
اشتہار

خیبرپختونخوا پولیس کا سیٹلائٹ کمیونیکیشن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور(18 جون 2026): خیبرپختونخوا پولیس نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک جدید سیٹلائٹ کمیونیکیشن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق اس جدید مواصلاتی نیٹ ورک کے قیام پر کام تیزی سے جاری ہے، اس منصوبے کا بنیادی مقصد صوبے کے دوردراز اور ریموٹ علاقوں میں مؤثر رابطہ نظام قائم کرنا ہے، جہاں اکثر مواصلاتی نیٹ ورک کے مسائل کا سامنا رہتا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر اس منصوبے کا آغاز بنوں، لکی مروت اور دیگر دوردراز اضلاع سے کیا جائے گا، جس کے بعد اس کا دائرہ کار دیگر علاقوں تک بڑھایا جائے گا۔

نئے نظام کے تحت کسی بھی متبادل یا ہنگامی صورتحال، جیسے کہ موبائل فون اور ٹیلی فون سروس معطل ہونے کی صورت میں، سیٹلائٹ کے ذریعے رابطہ بحال رکھا جائے گا۔ اس جدید نظام کی نگرانی اور آپریشنز کے لیے ایک مخصوص کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کیا جائے گا، جہاں ماہرین پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تعینات ہوں گی۔

حکام کے مطابق اس جدید مواصلاتی نظام کی مدد سے پولیس کی ایمرجنسی رسپانس صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا اور کسی بھی ناگہانی واقعے یا آفات و بحرانوں کے دوران جائے وقوعہ تک بروقت رسائی ممکن ہو سکے گی۔

سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کا یہ استعمال نہ صرف عوامی تحفظ کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ ہنگامی حالات میں امدادی کارروائیوں کو بھی مزید بہتر اور تیز رفتار بنائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں