پشاور(10 جولائی 2026): خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن کے ایس ایس ٹی امتحان میں خفیہ ڈیجیٹل آلات سے نقل کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن کے زیراہتمام سیکنڈری اسکول ٹیچر کی بھرتی کے امتحان میں خفیہ ڈیجیٹل آلات کے ذریعے نقل کرانے والے نیٹ ورک کا پردہ فاش ہوا ہے۔فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے کارروائی کرتے ہوئے نقل کرانے والے گروہ کے 2 اہم ملزمان اور 3 امیدواروں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے جدید اور انتہائی خفیہ ڈیجیٹل چیٹنگ ڈیوائسز، وائرلیس ایئر پیس، موبائل فونز اور نقل کے لیے استعمال ہونے والے دیگر اہم شواہد برآمد کیے گئے ہیں۔
یہ گروہ امیدواروں کو امتحان کے دوران جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پرچہ حل کروانے میں ملوث تھا۔
ایف آئی اے پشاور نے گرفتار ہونے والے تمام ملزمان اور امیدواروں کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ اس نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں اور ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔


