پشاور(25 جنوری 2026): خیبرپختونخوا میں بارشوں اور برفباری کے باعث مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے 22 جنوری سے اب تک ہونے والی بارشوں اور برفباری کے باعث صوبہ کے مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبہ میں ہونے والی بارشوں اور برفباری کے باعث برفانی تودے گرنے، لینڈ سلائیڈنگ اور گھروں کی چھتیں گرنے جیسے حادثات میں اب تک 9 افراد جاں بحق 1 بچہ زخمی ہوا ہے۔
جاں بحق افراد میں 7 بچے ایک مرد اور ایک خاتون جبکہ زخمیوں میں ایک بچہ شامل ہے۔ بارشوں اور برفباری کے باعث اب تک کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 5 گھر وں کو جزوی نقصان پہنچا۔
یہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع چترال ( اپر و لوئر دیر)مالاکنڈ، شانگلہ اور خیبر میں پیش آئے، بیشتر اضلاع میں بند شاہراہیں عام ٹریفک کیلئےکھول دی گئیں، بالائی علاقوں میں باقی بند شاہراہیں کھولنے کیلئے مشینری متحرک ہیں۔
پی ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، تمام اضلاع کو ضرورت کے مطابق امدادی سامان پہلے ہی فراہم کیا جا چکا ہے، امدادی سامان میں خیمے،کمبل، بستر، کچن سیٹس شامل ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیا ہے، بالائی اضلاع میں بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ منگل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


