ممبئی (7 مارچ 2026): لیجنڈری اداکارہ مدھوبالا کی زندگی پر مبنی فلم (بایوپک) میں بالی وڈ اسٹار کیارا اڈوانی کے جلوہ گر ہونے کی خبریں زیرِ گردش ہیں۔
انڈین میڈیا کی ان خبروں میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مدھوبالا کی بایوپک میں مرکزی کردار کیلیے کیارا اڈوانی کا انتخاب کیا گیا ہے جبکہ نامور فلمساز سنجے لیلا بھنسالی بطور پروڈیوسر اس پروجیکٹ سے وابستہ ہوں گے۔
تاہم اس معاملے سے جڑے ایک قریبی ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا اور تفریحی پورٹلز پر گردش کرنے والی ان خبروں کی کوئی حقیقت نہیں، اس وقت ایسا کوئی پروجیکٹ زیرِ غور نہیں جس میں کیارا اڈوانی اور سنجے لیلال بھنسالی کی پروڈکشن میں بننے والی مدھوبالا کی بایوپک کا کوئی تعلق ہو۔
یہ بھی پڑھیں: کیارا اڈوانی نے فلم ’ڈان 3‘ کی کاسٹ سے خود کو الگ کر لیا
ان افواہوں نے تیزی سے مداحوں اور فلمی حلقوں کی توجہ حاصل کر لی جس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ مدھوبالا آج بھی بھارتی سینما کی سب سے مقبول اور یادگار شخصیات میں سے ایک ہیں۔
اپنی غیر معمولی خوبصورتی، کرشماتی شخصیت اور لازوال اداکاری کیلیے مشہور یہ اداکارہ اپنی وفات کے کئی دہائیاں گزر جانے کے بعد بھی فلمسازوں اور مداحوں کیلیے مشعلِ راہ ہیں۔
کیارا اڈوانی کا اس آئیکونک اداکارہ کا کردار ادا کرنا اور ساتھ ہی سنجے لیلال بھنسالی کی شمولیت کے امکان نے ان رپورٹس کو مزید دلچسپ بنا دیا تھا، تاہم اندرونی ذرائع اسے قیاس آرائیاں قرار دے رہے ہیں۔
جب تک کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا جاتا اس مبینہ پروجیکٹ کے بارے میں تمام خبریں محض انٹرنیٹ پر گردش کرنے والی افواہیں ہی تصور کی جائیں گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


