کراچی: منگھوپیر میں نجی سوسائٹی سے اغوا ہونے والے کمسن اذان کو بازیاب کرالیا گیا ، ملزمان بچے کو گھارو میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
کراچی کے علاقے منگھوپیر کی حدود میں واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے دو روز قبل اغوا ہونے والے 2 سالہ اذان علی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر ٹھٹھہ کے علاقے گھارو میں کارروائی کرتے ہوئے بچے کو بحفاظت بازیاب کرایا، ملزمان بچے کو گھارو میں چھوڑ کر فرار ہو گئے، جبکہ ان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
بچے کے والد وہاب نے بھی اذان علی کی بازیابی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دوست کے فارم ہاؤس ملازم نے فون پر بتایا ایک بچہ ملا ہے، ہم بھاگے بھاگے گھارو پہنچے، جس جس نے تعاون کیا سب کے شکرگزار ہیں، ان کا بیٹا بالکل محفوظ ہے اور وہ اسے لے کر واپس کراچی آ رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ اذان علی کو دو روز قبل منگھوپیر کی حدود میں واقع نجی سوسائٹی سے ایک موٹرسائیکل سوار ملزم اغوا کر کے لے گیا تھا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی۔
واقعے کے بعد بچے کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔
ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد بچے کو والدین کے حوالے کر دیا جائے گا، جبکہ اغوا میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں


