شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ کرن تعبیر ہاتھ میں فریکچر کے باعث اسپتال منتقل ہوئیں جہاں ان کی سرجری کی گئی۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ کرن تعبیر نے مداحوں کو بتایا کہ ان کے ہاتھ کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے جس کے باعث آپریشن کروانا پڑے گا۔
سرجری کے بعد بھی اداکارہ نے اپنی صحت سے متعلق اپ ڈیٹ شیئر کی ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کا آپریشن کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے اور وہ اب صحتیابی کے مرحلے سے گزر رہی ہیں۔
اداکارہ کی پوسٹ پر مداحوں کی بڑی تعداد نے ان کے لیے نیک خواہشات اور مکمل صحتیابی کی دعائیں کی ہیں۔
واضح رہے کہ کرن تعبیر متعدد کامیاب ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
اس سے قبل کرن تعبیر نے شوبز انڈسٹری سے متعلق نظریات اور ڈراموں سے دوری کی وجہ کے بارے میں کئے گئے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ شوبز انڈسٹری جتنی شہرت دیتی ہے یہ اتنا ہی سکون آپ سے چھین لیتی ہے اور انہیں اپنا سکون بہت پیارا ہے۔
اداکارہ نے لکھا تھا کہ شوبز کی دنیا بہت مصنوعی ہوتی ہے، وہ ڈپریشن کا شکار بناتی ہے، اس لیے ابھی وہ شوبز میں آنے کے لیے تیار نہیں ہیں، ابھی وہ اپنی زندگی سکون سے گزار رہی ہیں۔
کرن تعبیر نے کہا تھا کہ ایسا نہیں کہہ رہی کہ اب اداکاری نہیں کروں گی لیکن ابھی اسکرین پر واپس آنے کے لیے تیار نہیں ہوں۔


