منگل, فروری 11, 2025
اشتہار

کراچی کنگز کا فاتحانہ آغاز، ملتان سلطانز کو 7 رنز سے شکست

اشتہار

حیرت انگیز

دبئی: پی ایس ایل فور کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو 7 رنز سے شکست دے دی، لیام لیونگ اسٹون کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دیا، شعیب ملک الیون مقررہ اوورز میں 176 رنز بناسکی، بابراعظم اور لیونگ اسٹون نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں، محمد عامر نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

ملتان سلطان 184 رنز کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو مورس صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، دوسری وکٹ 52 رنز پر گری جب شان مسعود 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

شعیب ملک کی نصف سنچری بھی ملتان سلطانز کو شکست سے نہ بچاسکی، انہیں نے 52 رنز کی اننگز کھیلی، ملک کو عثمان شنواری نے پویلین کی راہ دکھائی۔

آندرے رسل، شاہد خان آفریدی اور حماد اعظم کو محمد عامر نے پویلین بھیج دیا، تینوں نے بالترتیب 9، 14، اور 12 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کے محمد عامر نے چار وکٹیں حاصل کیں، سہیل خان کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں، شنواری اور عمر خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کیں۔

قبل ازیں کراچی کنگز نے مقررہ اوورز 6 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے اور ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دے دیا، بابر اعظم نے 77 اور لیونگ اسٹون نے 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

قبل ازیں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور بابر اعظم اور لیونگ اسٹون نے ملتان سلطانز کے بولر کی جم کر دھلائی کی۔

کراچی کنگز کی پہلی وکٹ 157 رنز پر گری جب لیونگ اسٹون بلند و بالا شاٹ کھیلنے گئے تو گرین کی گیند پر رسل کو کیچ دے بیٹھے، کولن انگرام 1 رن بنا کر آندرے رسل کی گیند پر آؤٹ ہوئے، سکندر رضا ایک رن بنا کر جنید خان کی گیند پر رن آؤٹ ہوئے۔

وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ایک رن بنا کر جنید خان کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے کرس گرین نے تین وکٹیں حاصل کیں، جنید خان کے حصے میں ایک وکٹ آسکی، جبکہ محمد عرفان، آندرے رسل، اور شاہد آفریدی کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے۔

گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن کے شاندار افتتاح کے بعد آج 2 میچز کھیلے جا رہے ہیں۔

دبئی کے اسٹیڈیم میں پہلا میچ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کا ہے جس کے لیے کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

دونوں ٹیمیں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتر گئی ہیں اور مقابل کو پچھاڑنے کے لیے بے چین ہیں۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ بیٹنگ وکٹ کے لیے اچھی ہے، بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔

کراچی کنگز کی ٹیم میں سکندر رضا، روی بوپارہ، کولن انگرام، محمد عامر، لیونگ اسٹون، عامر یامین، ابرار احمد، علی عمران، اویس رضا، بابر اعظم، افتخار احمد، سہیل خان اور عثمان شنواری شامل ہیں۔

دوسری جانب ملتان سلطانز کی ٹیم میں کپتان شعیب ملک، علی شفیق، ڈی جے کرسٹین، حماد اعظم، جنید خان، محمد عباس، محمد الیاس، محد عرفان، شان مسعود، شاہد آفریدی، نعمان علی اور قیس احمد شامل ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ روز افتتاحی میچ لاہور قلندرز اور اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹ سے شکست دے دی تھی۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل 4 میں 6 ٹیموں کے درمیان 34 مقابلے ہوں گے، ابتدائی 26 میچ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے، ابو ظہبی پہلی مرتبہ پی ایس ایل میچز کی میزبانی کرے گا۔

پی ایس ایل 4 کے آخری 8 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ 7 سے 17 مارچ تک میچز لاہور اور کراچی میں ہوں گے، لاہور میں 9، 10 اور 12 مارچ کو میچز کھیلے جائیں گے۔

بعد ازاں کراچی میں 7، 10، 13، 15 اور 17 مارچ کو میچز کھیلے جائیں گے، 17 مارچ کو لیگ کا فائنل بھی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں