کراچی (11 جنوری 2026): کے ایم سی ڈیولپمنٹ پروجیکٹس مبینہ میگا کرپشن پر نیب کا نوٹس موصول ہونے پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے مفصل جواب دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہمیں نیب کا نوٹس موصول ہوا ہے جو تفصیلات مانگی گئی ہیں جواب جمع کروائیں گے، نوٹس میں جیسا الزام لگایا گیا ہے ایسا کچھ نہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اتنے عرصے کے بعد شہر میں کام شروع ہوا ہے، میں کہتا پھر رہا ہوں کہ اس سال اتنے ارب شہر میں انویسٹ کریں گے، بجائے اس بات کو ویلکم کیا جاتا نیب کا نوٹس بھیج دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کی اندرون گلیوں کی ذمہ داری کے ایم سی کی نہیں، میئر مرتضیٰ وہاب
انہوں نے کہا کہ جو شخص کام کرتا ہے اس سے پوچھ گچھ کی جاتی ہے اور جو کام نہیں کرتا اس سے سوال جواب بھی نہیں ہوتا، اللہ خیر کرے گا ہماری نیت صاف ہے۔
واضح رہے کہ نیب کراچی نے میئر سے 2020 سے 2025 کے دوران ڈیولپمنٹ ورکس کی تفصیلات مانگی ہیں۔ نیب کے مطابق کے ایم سی ڈیولپمنٹ پروجیکٹس میں میگا کرپشن کی شکایت موصول ہوئی ہے، مکمل کیے گئے پروجیکٹس یا جن پر کام جاری ہے ان کی مکمل تفصیلات مانگی گئی ہیں۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


