کراچی (7 جون 2026): بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) نے مون سون بارشوں سے قبل شہر قائد کے بڑے نالوں کی صفائی کا فیصلہ کر لیا۔
اس حوالے سے ترجمان کے ایم سی نے بتایا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی زیرِ صدارت ترقیاتی اور میونسپل سروسز سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں شہر کے تمام بڑے نالوں کی صفائی کیلیے 60 کروڑ روپے مختص کیے گئے، اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ مون سون بارشوں سے قبل کام مکمل کیا جائے گا۔
ترجمان کے ایم سی کے مطابق میونسپل کمشنر ابرار جعفر نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو نالوں کی صفائی کے ٹینڈر عمل سے آگاہ کر دیا، ٹینڈرز کھولنے کا عمل پیر سے شروع ہوگا اور خریداری کا عمل مکمل ہوتے ہی کام کا آغاز ہوگا، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر نالوں کی صفائی کی نگرانی تھرڈ پارٹی کنسلٹنٹ کرے گا، مانیٹرنگ سے صفائی کے عمل میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: اسکیم 33 میں نالے پر قبضہ کر کے رہائشی منصوبہ بنانے کی تیاری
’ضلع سینٹرل کیلیے 6 کروڑ 80 لاکھ، ویسٹ اور کیماڑی کیلیے 7 کروڑ روپے مختص کیے گئے۔ جنوبی ضلع ون کیلیے 5 کروڑ 60 لاکھ جبکہ جنوبی ضلع ٹو کیلیے 6 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے۔ ضلع ایسٹ کیلیے 7 کروڑ 30 لاکھ، کورنگی کیلیے 7 کروڑ اور ملیر کیلیے 5 کروڑ 80 لاکھ روپے مختص کیے گئے۔‘
ترجمان نے مزید کہا کہ شہر کے مختلف اجتماعی ڈرینیج مقامات کیلیے 7 کروڑ 40 لاکھ اور 6 کروڑ 30 لاکھ روپے بھی مختص کیے گئے۔
اجلاس میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ نالوں کی صفائی ہر صورت یقینی بنائی جائے، بارش کے پانی کی بلا رکاوٹ نکاسی سے مکمل اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ گزشتہ سال بہتر کارکردگی دکھائی، اس سال مزید بہتر نتائج درکار ہیں، تاخیر اور غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، شہریوں کی شکایات کی کوئی گنجائش نہیں۔


