کراچی: کے ایم سی کی انسداد تجاوزات سیل نے اولڈ سٹی ایریا کے مخٹلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد دکانوں اور ایک ٹریفک پولیس چوکی مسمار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کے ایم سی کی انسداد تجاوزات سیل نے اولڈ سٹی ایریا کے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے 350 دکانیں، ایک ٹریفک پولیس چوکی، 10 سے زائد کمرے مسمار کرکے دیگر سامان ضبط کرلیا۔
کے ایم سی حکام کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے کے ایم سی کی انسداد تجاوزات سیل نے لائٹ ہاؤس کے دو مختلف مقامات پر نالے پر بنائی گئی 280 جھونپڑی نما دکانیں اور نجی اسپتال کی دیوار کے ساتھ بنی 70 دکانوں کو مسمار کیا۔
حکام کے مطابق غیرقانونی طور پر تعمیر کھارادر بخاری مسجد کے قریب چار سے زائد کمرے، کورنگی اور لانڈھی میں بھی 6 سے زائد کمروں کو مسمار کیا گیا۔
مزید پڑھیں: کے الیکٹرک کی تنصیبات پر کے ایم سی کی کارروائی قابل مذمت ہے: ترجمان
کے ایم سی حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران صدر زینب مارکیٹ پر فٹ پاتھ پر بنی پولیس چوکی اور ریگل چوک پر 10 سے زائد وال فکسنگ دکانوں کو توڑ دیا گیا۔
حکام کے مطابق صدر پاسپورٹ آفس کے قریب ٹھیلے، پتھارے اور دیگر سامان کو بھی ضبط کرلیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ آئی آئی چندریگر روڈ پر بھی کے ایم سی کے عملے نے کارروائی کرتے ہوئے سڑک پر کے الیکٹرک کی جانب سے کھڑی کی گئیں دیواریں مسمار کی تھیں اور کراچی کے مختلف علاقوں میں جہاں جہاں کے ایم سی کی زمین پر کے الیکٹرک کا قبضہ ہے، ان کی فہرستیں بھی طلب کی گئی تھیں۔
کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کے ایم سی کی جانب سے کے الیکٹرک کے دفاتر اور تنصیبات پر کارروائی قابل مذمت ہے، بعدازاں کے الیکٹرک نے واجبات کی عدم ادائیگی پر کے ایم سی آفس کی بجلی منقطع کردی تھی جو سپریم کورٹ کے حکم پر دوبارہ بحال کی گئی۔