کوہاٹ : کوہاٹ کے نواحی علاقے ڈاکٹر بانڈہ میں ایک گھر میں پانی کی ٹینکی اچانک ٹوٹ کر گرنے کے نتیجے میں پانچ معصوم بچے جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔ جاں بحق اور زخمی بچوں کی عمریں 8 سے 10 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔
ابتدائی اطلاعات اور باخبر ذرائع کے مطابق نماز جمعہ کےبعد کوہاٹ کے نواحی علاقے ڈاکٹر بانڈہ میں عبدالرشید نامی ایک شخص کے گھر میں چھت پر بنائی گئی پانی کی نئی ٹینکی اس وقت اچانک ٹوٹ کر گری جب ٹینکی کو پانی سے بھر دیا گیا۔
ٹنکی پانی کا زور برداشت نہ کرسکی اور اچانک ٹوٹ کر گرپڑی، جس کے ملبہ تلے آکر پانچ بچے جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔
افسوسناک واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں نے امدادی سرگرمیاں شروع کرکے جاں بحق و زخمی بچوں کو ہسپتال پہنچادیا جہاں دوبچوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ جاں بحق اور زخمی بچوں کی عمریں 8 سے 10 سال کے درمیان ہیں۔ جاں بحق و زخمی بچوں میں دو بچیاں بھی شامل ہیں، باخبر ذرائع کے مطابق دو شدید زخمی بچوں کو پشاور منتقل کردیا گیا۔