کوہاٹ : کوہاٹ پولیس لائنز دھماکے کی تحقیقات میں سی ٹی ڈی نے حملہ آوروں کے نیٹ ورک کا سراغ لگالیا، حملے کی منصوبہ بندی دو دہشت گرد تنظیموں نے مل کر کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق کوہاٹ پولیس لائنز پر ہونے والے حملے کی تحقیقات میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور جوائنٹ تفتیشی ٹیم نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے حملے میں ملوث پورے نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا ہے۔
تفتیشی حکام کو کیس کے حوالے سے انتہائی سنسنی خیز اور اہم معلومات موصول ہو گئی ہیں۔
تفتیشی حکام کے مطابق کوہاٹ پولیس لائنز پر حملے کی منصوبہ بندی دو دہشت گرد تنظیموں نے مل کر کی تھی۔
تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ حملہ آوروں بنیادی مقصد سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر حملہ کر کے وہاں قید اپنے دیگر ساتھیوں کو چھڑانا تھا، تاہم پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کر کے اس بڑے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔
کوہاٹ: پولیس لائن میں سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن مکمل
خودکش حملہ آور اور ان کے ساتھیوں نے کوہاٹ میں چند دن ایک مکان میں قیام کیا تھا۔ تفتیشی ٹیم نے اس مکان پر چھاپہ مار کر وہاں سے اہم شواہد اور ڈیجیٹل مواد حاصل کر لیا ہے، جبکہ کچھ اہم گرفتاریاں بھی عمل میں آئی ہیں۔
ہلاک ہونے والے خودکش حملہ آور کے زیرِ استعمال گاڑی کی تمام تفصیلات اور ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے، جس کی مدد سے نیٹ ورک کی تہوں تک پہنچا جا رہا ہے۔
Follow US on ARY Tube
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک نے گزشتہ سال بھی کوہاٹ پولیس لائنز پر حملے کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم گزشتہ برس حملے سے قبل ہی دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔


