پشاور (26 ستمبر 2025): کوہستان کرپشن اسکینڈل میں نامزد 4 ملزمان نے احتساب عدالت میں پلی بارگین کی درخواستیں دائر کر دیں۔
پلی بارگین کی درخواستیں دینے والوں میں سی این ڈبلیو ڈپارمنٹ کے ہیڈ کلرک قیصر اور تین بینامی دار شامل ہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق بینامی داروں میں قیصر کی اہلیہ اور دیگر 2 ملزمان شامل ہیں جو نیب کے ساتھ پلی بارگین کیلیے تیار ہیں۔
نیب ذرائع کے مطابق ملزمان کا مؤقف ہے کہ وہ اپنے ذمہ واجب الادا رقم نیب کو دینے کیلیے تیار ہیں، ملزمان کے ذمہ واجب رقم اور اثاثوں کی جانچ پڑتال کی جائے گی جس کے بعد چیئرمین نیب منظوری دیں گے تو پھر پلی بارگین کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کوہستان کرپشن اسکینڈل میں مزید تین ملزمان کے نام سامنے آگئے، اہم انکشافات
کوہستان کرپشن اسکینڈل میں ترقیاتی اسکیموں کے نام پر 40 ارب روپے نکالے گئے، ملزم قیصر اسکینڈل کے مرکزی ملزمان میں شامل ہے۔
نیب کے مطابق ترقیاتی اسکیمیں گراؤنڈ پر موجود نہیں ہیں اور پیسے نکالے گئے ہیں، ملزم نے اپنے، اہلیہ اور دیگر رشتہ داروں کے نام اربوں روپے کی اثاثے بنائے ہیں۔
کوہستان کرپشن اسکینڈل میں گرفتار کنٹریکٹر محمد ایوب نے دوران تفتیش پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی سمیت دیگر بااثر افراد سے ڈیلز کا انکشاف کیا تھا۔ بعد ازاں نیب نے کارروائی کرتے ہوئے اربوں روپے کے اثاثے برآمد، گاڑیاں، سونا اور نقدی ضبط کی تھی۔
نیب نے کارروائی کے دوران 25 ارب روپے مالیت کے اثاثے برآمد اور منجمد کیے گئے، ایک ارب سے زائد نقد رقم، غیر ملکی کرنسی، تین کلو سونا برآمد کر کے ضبط کر لیا گیا تھا جبکہ 73 بینک اکاؤنٹس منجمد اور 5 ارب روپے کی رقم برآمد کی۔ 77 لگژری گاڑیوں کی کل مالیت 94 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


