پشاور: کوہستان اسکینڈل میں 8 بے نامی دار اثاثوں سے دستبردار ہوگئے ، اثاثے سرنڈر کرنے والوں میں مرکزی ملزم قیصر اقبال کی دو بہنیں، ڈرائیور، بہنوئی اور دیگر قریبی رشتہ دار شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کوہستان اسکینڈل میں 8 بے نامی دار اثاثوں سے دستبردار ہو گئے، احتساب عدالت نے ان افراد کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد تحریری فیصلہ جاری کیا۔
عدالت نے بتایا کہ اثاثے سرنڈر کرنے والوں میں مرکزی ملزم قیصر اقبال کی دو بہنیں، ڈرائیور، بہنوئی اور دیگر قریبی رشتہ دار شامل ہیں۔ علاوہ ازیں شعیب الرحمان، ثاقب زمان، اعجاز احمد، شبنم عاصم، زوبیا اعجاز، ہاشم خان، سید علی خان اور اظہر اقبال بھی اثاثے واپس کرنے والوں میں شامل ہیں۔
بے نامی داروں نے عدالت کے سامنے 6 پلاٹس، 3 گھر اور 6 گاڑیاں سرنڈر کیں، ملزم قیصر اقبال نے یہ اثاثے ان کے نام پر بنائے تھے، تاہم سرنڈر کرنے والے تمام افراد نے کہا کہ ان پر کوئی دباؤ نہیں تھا اور وہ اپنی مرضی سے یہ بیانات دے رہے ہیں۔
درخواست گزاروں نے حلفیہ بیانات بھی عدالت میں جمع کرائے، اور فیصلہ کیا گیا کہ سرنڈر کیے گئے تمام اثاثے خیبر پختونخوا حکومت کی ملکیت قرار پائیں گے۔
عدالت نے ہدایت دی کہ نیب قانون کے مطابق اثاثوں کی حکومت کو منتقلی یقینی بنائی جائے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


