تازہ ترین

کلکتہ نائٹ رائیڈرز نے پشاورزلمی سے دوستانہ میچ کی اطلاعات کی تردید کردی

آئی پی ایل کی کرکٹ ٹیم کلکتہ نائٹ رائیڈرز نے کسی بھی ٹیم کے ساتھ کسی قسم کا دوستانہ میچ کھیلنے کی خبروں کی تردید کردی۔

تفصیلات کے مطابق کلکتہ نائٹ رائیڈرز نے کچھ دیر قبل کیے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ہے ’ان کی ٹیم کسی بھی غیر رسمی گیم یا لیگ میں حصہ نہیں لے گی جیسا کہ کچھ میڈیا رپورٹس میں کہا جارہاہے‘‘۔

ٹویٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ کولکتہ نائٹ رائڈرز کی جانب سے ایسا کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ آج صبح سے افواہات گردش کررہی تھیں کہ بھارتی اداکار شاہ رخ خان نے جاوید آفریدی کو فون کرکے مبارک باد دی اور ان کی ٹیم پشاور زلمی اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان کسی تیسرے مقام پر دوستانہ میچ کے انعقاد کی دعوت دی تھی۔

پاکستان سپر لیگ سیزن 2 کی فاتح ٹیم پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے برطانوی خبر رساں ادارے کی اردو سروس کو دیے گئے انٹرویو میں اس بات کی تصدیق کی تھی کہ بھارتی اداکار شاہ رخ خان نے انہیں دوستانہ میچ کی آفردی ہے۔

کلکتہ نائٹ رائیڈرز کے سی ای او وینکی میسور نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ان خبروں میں کسی قسم کی کوئی صداقت نہیں ہے۔ ہم اس کی مکمل طور پر تردید کرتے ہیں‘‘۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ ان کی ابھی کچھ دیر قبل ہی شاہ رخ خان سے بات ہوئی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ دنوں اپنی شوٹنگز میں انتہائی مصروف رہے ہیں کہ انہیں خبرہی نہیں تھی کہ پاکستان یا دبئی میں ایسی کوئی لیگ جاری ہے چہ جائیکہ کہ وہ کسی فرنچائز کے مالک کو فون کرکے مبارک باد دیتے‘‘۔

پشاور زلمی کی ٹیم کو اس سے قبل افغانستان کے صدر کی جانب سے بھی کابل کا دورہ کرنے کی دعوت مل چکی ہے جس کا مثبت جواب دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان کرکٹ روابط اس وقت تعطل کا شکار ہیں۔

Comments

- Advertisement -