کراچی: کورنگی پولیس نے غیرت کے نام پر بلاول نامی شہری کو قتل کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی پولیس نے 13 اکتوبر کو قتل ہونے والے نوجوان کے کیس کا معمہ حل کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کیا جو مقتول کے دوست ہیں۔
پولیس کے مطابق بلاول کو 13 اکتوبر کے روز کورنگی کے علاقے میں چھری کے وار سے قتل کیا گیا تھا، واردات میں مقتول کے دوست کاشان اور عادل ملوث تھے جنہیں حراست میں لے لیا گیا۔
ایس پی عبداللہ میمن کا کہنا تھا کہ قتل کی واردات سے قبل دونوں ملزمان مقتول کو موٹرسائیکل پر ساتھ بیٹھا کر لے گئے اور چلتی گاڑی میں ہی اُس کے گلے پر چھری کا وار کیا۔
ایس پی کے مطابق ملزم کاشان کو اپنی اہلیہ اور بلاول پر شک تھا جس کی بنیاد پر اُس نے قتل کیا، ملزم نے دورانِ حراست اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا۔
ملزمان نے قتل کے بعد بلاول کی لاش کورنگی میں پھینکی اور پھر وہاں سے فرار ہوگئے، حراست میں لیے گئے نوجوانوں کی نشاندہی پر آلہ قتل، موٹرسائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔