پشاور: محکمہ اوقاف خیبرپختونخوا کے 12 ملازمین کی ملازمتیں فوری ختم کرنےکا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے نظم و ضبط کی خلاف ورزی اور سرکاری احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا۔
جس کے تحت محکمہ اوقاف کے 12 ملازمین کی ملازمتیں فوری ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
محکمہ اوقاف خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ ان ملازمین کو صوبائی حکومت کی ہدایات کے باوجود "اسمارٹ اٹینڈنس رجسٹریشن” نہ کرنے اور مسلسل غیر حاضری کی بنیاد پر برطرف کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ ملازمین ڈیوٹی سے مسلسل غائب تھے اور ڈیجیٹل حاضری کے نظام کو اپنانے سے انکاری تھے۔
محکمہ اوقاف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ترجمان نے کہا کہ برطرف کیے گئے ملازمین کو متعدد بار وارننگ دی گئی تھی، تاہم عمل درآمد نہ ہونے پر یہ انتہائی قدم اٹھایا گیا۔
محکمہ نے مزید خبردار کیا ہے کہ اسمارٹ حاضری اور دیگر سرکاری ضوابط پر عمل نہ کرنے والے دیگر ملازمین کے خلاف بھی مزید سخت انتظامی ایکشن لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے تمام سرکاری محکموں میں شفافیت اور حاضری کو یقینی بنانے کے لیے اسمارٹ اٹینڈنس سسٹم لازمی قرار دے رکھا ہے تاکہ "گھوسٹ ملازمین” کا خاتمہ کیا جا سکے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


