اشتہار

خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد (11 اکتوبر 2026): صدر مملکت کی جانب سے سمری پر دستخط کے بعد خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کا نفاذ ہو گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔

صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج لگانے کی سمری پر دستخط کیے۔

وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزیراعظم ہاؤس سے صدر مملکت کو ایمرجنسی کے نفاذ کیلیے ایڈوائس بھجوا دی گئی تھی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی اور طلال چوہدری یہ سمری لے کر ایوان صدر پہنچے تھے۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت جاری اجلاس میں وفاقی کابینہ نے خیبر پختونخوا میں آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت ایمرجنسی اور گورنر راج لگانے کی منظوری دی۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ خیبر پختونخوا میں آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 دونوں کا نفاذ ہوگا، جس کے تحت گورنر راج اور ایمرجنسی لگائی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں کے پی میں امن و امان کی صورتحال اور دہشت گردی کی بگڑتی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ کابینہ نے خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دہشت گردی کیخلاف جنگ سے کے پی حکومت کی دانستہ لا تعلقی کے پیش نظر حالات کا جائزہ لیا گیا اور وفاقی کابینہ نے وزیراعظم کو خیبر پختونخوا میں آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت ایمرجنسی کی تجویز دی گئی۔

خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کیوں لگا اور اب تک کیا کچھ ہوا؟

خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے بڑھتے واقعات کے خاتمے کے لیے وفاقی حکومت صوبے میں آپریشن کی خواہاں جب کہ سہیل آفریدی کی حکومت مخالفت کرتی آ رہی تھی۔

اسی دوران وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کیا تاہم مارچ کے آغاز سے دو روز قبل اس احتجاج کو ایک ہفتے کے لیے موخر کرتے ہوئے 5 اکتوبر کو اسلام آباد مارچ کرنے کا اعلان کیا۔

تاہم 5 اکتوبر سے قبل پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے کئی دور ہوئے جس میں فریقین نے مطالبات ایک دوسرے کے سامنے رکھے۔ تاہم کئی ادوار کے بعد بھی فریقین کسی معاہدے پر متفق نہ ہو سکے اور یوں مذاکرات ناکام ہو گئے۔

وزیراعلیٰ کے پی کے مطالبات تھے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو تمام قانونی حقوق فراہم اور طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ دونوں کو اپنے وکلا سے ملاقات کا حق دیا جائے۔ خواتین، بزرگ اور بیمار قیدیوں کے مقدمات میں غیر ضروری تاخیر ختم کی جائے۔ یاسمین راشد اور بشریٰ بی بی سمیت سیاسی خواتین کو جلد رہا کیا جائے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت کے پی میں دہشت گردی کیخلاف اقدامات اور متاثرہ اضلاع میں وفاقی حکومت کے آپریشن سے متعلق امور پر صوببائی حکومت کی معاونت اور غیر مشروط حمایت سے متعلق امور پر ڈیڈ لاک برقرار رہا۔

وزیراعلیٰ سہیل کا اس حوالے سے موقف تھا کے پی میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وفاق اور صوبے میں مشاورت کی جائے۔ وفاق اور خیبر پختونخوا حکومت 72 گھنٹے میں اجلاس بلا کر حکمت عملی بنائیں۔

فریقین کے اپنے اپنے موقف پر قائم رہنے کی وجہ سے ڈیڈلاک آیا اور مذاکرات ناکام ہوئے۔

وزیراعظم کی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی ’’مشروط‘‘ پیشکش

بعد ازاں وزیراعظم نے اسلام آباد لانگ مارچ منسوخ کرنے کی شرط پر ایک بار پھر حکومت کو مذاکرات کی پیشکش کی۔ تاہم وزیراعلیٰ نے اعلان کردہ تاریخ پر 4 اکتوبر کو لانگ مارچ کا آغاز کیا جو اب بھی جاری ہے۔

مذاکرات کی ناکامی کے بعد حکومتی حلقوں کی جانب سے کے پی میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی باتیں شروع ہو گئیں جب کہ اس حوالے سے صدر مملکت اور وزیراعظم میں کئی ملاقاتیں بھی ہوئیں۔

اسی دوران حکومت نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے فضل الرحمان کو ثالث بنایا تھا۔ فریقین نے جے یو آئی سربراہ سے ملاقاتیں کیں اور اپنی شرائط سامنے رکھیں۔

مولانا فضل الرحمان کی کے پی میں ایمرجنسی اور گورنر راج کی مخالفت

فضل الرحمان نے بھی وفاقی حکومت کو کے پی میں ایمرجنسی یا گورنر راج نہ لگانے کا مشورہ دیا۔ تاہم یہ کوشش بھی بے سود ثابت ہوئی۔

اہم ترین

اظہر فاروق
اظہر فاروق
اظہر فاروق اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے ڈپٹی بیورو چیف اور سینئر صحافی ہیں، 30 سالہ صحافتی تجربہ ہے، پارلیمنٹ، وزیر اعظم ہاؤس، کابینہ اور سیاسی و پارلیمانی امور پر نظر رکھتے ہیں۔

مزید خبریں