اشتہار

وفاقی کابینہ نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج لگانے کی منظوری دے دی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد (11 اکتوبر 2026): وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج لگانے کی منظوری دے دی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت جاری اجلاس میں وفاقی کابینہ نے خیبر پختونخوا میں آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت ایمرجنسی اور گورنر راج لگانے کی منظوری دے دی ہے۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 دونوں کا نفاذ ہوگا، جس کے تحت گورنر راج اور ایمرجنسی لگائی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں کے پی میں امن و امان کی صورتحال اور دہشت گردی کی بگڑتی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ کابینہ نے خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دہشت گردی کیخلاف جنگ سے کے پی حکومت کی دانستہ لا تعلقی کے پیش نظر حالات کا جائزہ لیا گیا اور وفاقی کابینہ نے وزیراعظم کو خیبر پختونخوا میں آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت ایمرجنسی کی تجویز دی گئی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس سے صدر مملکت کو ایمرجنسی کے نفاذ کیلیے ایڈوائس بھجوا دی گئی ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی اور اور طلال چوہدری سمری لے کر ایوان صدر پہنچ گئے ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے وفاقی کابینہ کے فیصلوں کی توثیق کے بعد اس کا نفاذ ہو جائے گا۔ گورنر فیصل کنڈی کو صوبے کے چیف ایگزیکٹو کے اختیارات سونپے جائیں گے۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم ترین اجلاس میں کابینہ اراکین نے کے پی میں دہشتگردی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خیبر پختونخوا حکومت کی دہشتگردی کے خلاف جنگ سے دانستہ لاتعلقی کو تشویشناک قرار دیا۔

اجلاس میں اراکین نے تجویز دی کہ خیبر پختونخوا پر کسی بھی حتمی فیصلے سے قبل فضل الرحمان کے ذریعے آخری کوشش کی جائے۔ جس کے بعد دوران اجلاس ہی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا۔

اس سے قبل اجلاس میں یہ تجویز سامنے آئی تھی کہ سیکیورٹی تناظر میں آرٹیکل 232 کے تحت پورے صوبے میں ایمرجنسی لگائی جائے اور بدترین بد امنی کا شکار کے پی کے 12 اضلاع کے انتظامی امور کا معاملہ الگ دیکھا جائے۔

تجویز میں یہ بھی کہا گیا کہ سابق فاٹا کے 8 اضلاع، بنوں، لکی مروت، کرک اور کوہاٹ کا کنٹرول وفاق کو دیا جائے، صوبے کے ان اضلاع کے لیے الگ سیکریٹریٹ، الگ ایڈمنسٹریٹر اور الگ فنڈز قائم کیے جائیں۔

اہم ترین

اظہر فاروق
اظہر فاروق
اظہر فاروق اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے ڈپٹی بیورو چیف اور سینئر صحافی ہیں، 30 سالہ صحافتی تجربہ ہے، پارلیمنٹ، وزیر اعظم ہاؤس، کابینہ اور سیاسی و پارلیمانی امور پر نظر رکھتے ہیں۔

مزید خبریں