پشاور : خیبر پختونخواحکومت نے اپردیرتا لوئرچترال سیاحتی اضلاع میں کیبل کار چلانے کا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ، منصوبے کی تکمیل پرسالانہ 8 ملین ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی آمد متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواحکومت کی جانب سے سیاحت کے فروغ کے لیے اہم منصوبہ تیار کرلیا گیا ، اپردیرتا لوئرچترال سیاحتی اضلاع میں کیبل کار منصوبہ شروع کیا جائے گا۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ کیبل کار کی مجموعی لمبائی 14 کلومیٹر اور رفتار6 میٹرفی سیکنڈہوگی جبکہ کیبل کار میں فی مسافر کے آنے جانے کا کرایہ 500روپے مقرر کیا گیا ہے۔
کیبل کار میں یومیہ 30 ہزار سیاح سفر کرسکیں گے، ہر کیبل کار میں 10 سیاحوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی اور 38 منٹ کے یک طرفہ ٹرپ میں 250 سیاح سفر کرسکیں گے۔
منصوبے کی تکمیل پر سالانہ 8 ملین ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی آمد متوقع ہے ، جب کہ منصوبے میں اسٹیشنز پر کار پارکنگ اور ریسٹورنٹ کی سہولت بھی ہوگی اور منصوبہ کے لیےہائیڈرو جنریشن پلانٹ سےبجلی فراہم کی جائے گی۔