پشاور (14 جون 2026): صوبہ خیبر پختونخوا میں بڑی پابندی عائد کر دی گئی ہے اور اس حوالے سے متعلقہ حکام کو مراسلے بھیج دیے گئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا میں بڑی پابندی عائد کرتے ہوئے کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد کیلیے پیشگی اجازت لازمی قرار دے دی گئی ہے اور اس حوالے سے ڈائریکٹوریٹ جنرل اسپورٹس کے پی نے تمام ریجنل ڈسٹرکٹ اسپورٹس افسران کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بغیر منظوری کسی بھی کھیلوں کی سرگرمی کا انعقاد غیر مجاز اور غیر قانونی تصور ہوگا۔
مراسلے کے مطابق کھیلوں کی سرگرمی کیلیے ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس خیبرپختونخوا سے پیشگی منظوری لینا ہو گی۔ اجازت نامے کی درخواست کے ساتھ ایونٹس تفصیل، کھلاڑیوں کی فہرست اور دیگر دستاویزات منظوری کے لیے جمع کرانا ہوں گی۔
شرائط کے تحت تمام کھیلوں کی سرگرمیوں کو ایم آئی ایس پورٹل کے ایونٹ منیجمنٹ سیکشن میں اپ لوڈ کرنا لازمی ہوگا اور تمام شریک کھلاڑیوں کی پیشگی رجسٹریشن آفیشل ایم آئی ایس پورٹل پر کرنا ہوگی۔
مراسلے میں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ اسپورٹس ایونٹ میں کھلاڑیوں کو دیے جانے والے انعامات، ٹرافیاں اور میڈلز کا ریکارڈ بھی پورٹل پر درج ہوگا۔


