پشاور (7 نومبر 2025): دہشتگردی کے خلاف جنگ میں استعداد کار بڑھانے کیلیے خیبر پختونخوا پولیس کو جدید دوربینیں اور تھرمل ماؤنٹڈ سائٹس فراہم کر دی گئیں۔
سینٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے تھرمل ٹیکنالوجی سے لیس 147 سکوا (SKUA) دوربینیں اور 363 TWS تھرمل ماؤنٹڈ سائٹس مختلف اضلاع کی پولیس اور یونٹس کے حوالے کر دیں۔
ترجمان کے پی پولیس کے مطابق یہ دوربینیں کافی دور سے انسانی نقل و حرکت کو بھانپنے کی صلاحیت رکھتی ہیں جن سے پولیس کی رات کے وقت نگرانی اور حملے سے بچاؤ سمیت حملہ آوروں کو دور سے پہچان کر مورچہ زن ہونے سے روکنے کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: کے پی پولیس: گریڈ 18 اور 19 کی آدھی سے زیادہ پوسٹیں خالی ہونے کا انکشاف
انہوں نے بتایا کہ یہ سائٹس اور دوربینیں کسی بھی گاڑی کو رات کے اندھیرے میں 4 کلو میٹر دور سے ظاہر کر کے ٹارگٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے جس سے کوئی بھی انجانی گاڑی پولیس کی نظر سے اوجھل نہیں ہو پائے گی۔
آئی جی پولیس ذوالفقار حمید نے ڈی پی او شمالی وزیرستان وقار احمد کو اینٹی ڈورن گن ای ایم جی 300 اور ڈپٹی کمانڈنٹ ایلیٹ اسلم نواز خان کو ایچ ایم جی M249کے حوالے کیں۔
10 ہیوی مشین گن M249پولیس کے مختلف اضلاع میں آپریشن کرنے والی RRFٹیمز کے حوالے کی گئیں جبکہ دو اینٹی ڈرون گنز ضلع باجوڑ اور ایک اینٹی ڈرون گن ضلع بنوں پولیس کو دی گئی۔ اینٹی ڈورن گنز کے حصول سے وزیرستان، بنوں اور باجوڑ پولیس دہشتگردوں کے ڈرون حملوں کا سدباب کرسکیں گی جبکہ ایلیٹ فورس اور RRFکی دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کو ایچ ایم جی M249سے مزید تقویت ملے گی۔
آئی جی پولیس ذوالفقار حمید نے کہا کہ پولیس کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور دہشتگردوں کے نت نئے حربوں کا مؤثر توڑ کرنے کے قابل بنا رہے ہیں، ان تھرمل دوربینوں اور سائٹس سے پولیس کی رات کی اندھیرے میں حملے اور بچاﺅ کی استعداد کار میں نمایاں فرق دیکھنے کو ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ تھرمل سائٹس سے رات کی تاریکی میں دشمن کے حملے سے بچاﺅ کے ساتھ ساتھ ان کی پوزیشنز معلوم ہونے اور درست کارکردگی دکھانے میں بھی مدد ملے گی۔


